آج احتیاط کر لیں، کل گندم نہیں گرے گی

ایک ترقی پسند کاشتکار محمد ماجد سلیم نے اپنے تجربات و مشاہدات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ گندم اگر گوبھ کی حالت میں ہو اور زمین میں نمی بھی زیادہ ہو تو ہوا چلنے پر یہ گندم اپنے بوجھ کی وجہ سے گر جاتی ہے. جس سے پیداوار میں کمی واقع ہو جاتی ہے.
انہوں نے گندم کو گرنے سے بچانے کے لئے کچھ طریقے بتائے.

پٹڑیوں پر کاشت
اگر گندم کی کاشت پٹڑیوں پر کی جائے تو گندم تقریباََ نہ ہونے کے برابر گرے گی.
کیونکہ جب پٹڑیوں کی کھالیوں میں پانی چھوڑا جاتا ہے تو پٹڑی کی سب سے اوپر والی سطح ہمیشہ خشک رہتی ہے. چونکہ یہاں نمی نہیں ہوتی یا بہت کم ہوتی ہے تو اس وجہ سے پودے کی جڑ مضبوط رہتی ہے اور پودا اپنے پیروں پہ قائم رہتا ہے.
ہم ہمیشہ دیکھتے ہیں کہ جب بھی فصل گرتی ہے تو وٹوں سے نہیں گرتی. وٹوں کے اوپر والی سطح پر مٹی خشک ہوتی ہے جس کی وجہ سے جڑوں کو مضبوطی ملتی ہے. لہذا وہاں پودے تیز ہوا یا آندھی کا مقابلہ کر لیتے ہیں.
تصویر دیکھئے

پوٹاش کا استعمال
پوٹاش کی اچھی مقدار تنے اور جڑوں کو مضبوط کرتی ہے اور کافی حد تک فصل کو گرنے سے بچاتی ہے. لہذا کم از کم ایک ایکڑ میں 25 کلوگرام سلفیٹ آف پوٹاش یا میوریٹ آف پوٹاش کی کھاد لازمی استعمال کرنی چاہیے.
یا جب گندم کے تنے کا قد بڑھ رہا ہو تو اس وقت 2 کلوگرام نائٹریٹ آف پوٹاش 100 لیٹر پانی میں حل کر کے سپرے کریں. سپرے دو مرتبہ کرنے سے خاطر خواہ نتائج حاصل ہوتے ہیں.
پاکستان زرعی مباحثہ فورم کے ایڈمن طارق طاری نے محمد ماجد سلیم کے اس نقطہ نظر سے اتفاق کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ اس کے ساتھ ساتھ جب گندم کی عمر 30 سے 50 دن کے درمیان ہو تو فی ایکڑ اڑھائی کلو میگنشیم سلفیٹ اور 600 گرام کاپر سلفیٹ کا سپرے گندم کو گرنے سے بچاتا ہے. کیونکہ اس سے تنا موٹا اور جاندار ہو جاتا ہے. طارق طاری نے مزید بتایا کہ کھیلیوں پر کاشت سے بیج کم استعمال ہوتا ہے اور پیداوار بھی 15 سے 30 فیصد زیادہ آتی ہے.
اسی ضمن میں احسن منان خان نے بھی اپنا تجربہ شئر کرتے ہوئے کہا کہ بیج کا زیادہ استعمال مت کریں، اس سے فصل گھنی ہو جاتی ہے اور ہوا و روشنی کا گزر نہیں ہوتا، سٹہ چھوٹا رہ جاتا ہے اور فصل گرنے کا خدشہ رہتا ہے.
انہوں نے کہا کہ کسان بھائی چھٹہ کی بجائے ڈرل یا پٹریوں پر کاشت کو ترجیح دیں اس سے گندم نہیں گرے گی.
اسی طرح یوریا کھاد کا اندھا دھند استعمال کرنے سے پودے ضرورت سے زیادہ بھارے ہو جاتی ہیں اور فصل گر سکتی ہے.
امید کی جاتی ہے کہ ہمارے کسان بھائی اپنے کاشتکار بھائیوں کے تجربات سے ضرور فائدہ اٹھائیں گے.

ایڈیٹر: ڈاکٹر شوکت علی

Share Please

آج احتیاط کر لیں، کل گندم نہیں گرے گی” ایک تبصرہ

  1. کیا بیج جرمینیشن 100٪ ہو گی؟ ہمارے علاقے میں گب چھٹ طریقے سے کاشت کی جاتی ہے۔ جس سے جرمینیشن100٪ ہوتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں